لکھنؤ، 15؍جولائی(آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش میں عرصے سے حاشیہ پرکھڑی کانگریس میں نئی جان پھونکنے کے ارادے سے ہائی کمان کے ذریعہ منتخب کی گئی وزیراعلیٰ کے عہدے کی امیدوارشیلادکشت اورنومنتخب ریاستی صدر راج ببر سمیت عہدیداروں کی نئی ٹیم آئندہ اتوار کو لکھنؤ پہنچے گی۔اتر پردیش کانگریس کے نائب صدر ستیہ دیو ترپاٹھی نے آج یہاں بتایا کہ کانگریس جنرل سکریٹری اور پارٹی کے صوبائی انچارج غلام نبی آزاد اور نومنتخب ریاستی صدر راج ببر آئندہ 17؍جولائی کو لکھنؤ پہنچیں گے۔پہلے انہیں 16؍جولائی کودارالحکومت پہنچنا تھا۔انہوں نے بتایا کہ آزاد اور ببر کے ساتھ پارٹی کی وزیر اعلی کے عہدے کی امیدوار شیلا دکشت، انتخابی مہم کی کمیٹی کے چیئرمین اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ اور رابطہ کمیٹی کے صدر پرمود تیواری بھی لکھنؤ پہنچیں گے۔ترپاٹھی نے اس ٹیم کے پہلی بار لکھنؤ پہنچنے کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ تعداد میں کارکنوں سے ہیڈکوارٹر آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کی بڑی ذمہ داری لیے اس نئی ٹیم کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔غورطلب ہے کہ تقریباََ15سالوں تک دہلی کی وزیر اعلی رہ چکی 78سالہ شیلا دکشت کو کل اترپردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا امیدواربنایا گیا تھا۔اس سے دو دن پہلے ہی سابق ممبر پارلیمنٹ راج ببر کو نرمل کھتری کی جگہ اترپردیش کانگریس کانیاصدربنایا گیا تھا۔ان دونوں کی قیادت میں کانگریس کے سامنے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کر کے 403رکنی اسمبلی میں اپنے ممبران کی تعداد میں اضافہ کا بڑا چیلنج ہے۔